نئی دہلی، یکم دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی )سردیوں کے موسم میں دھند اور ٹھنڈ کی وجہ سے بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر یمنا ایکسپریس وے اور نوئیڈا-گریٹر نوئیڈا ایکسپریس وے پر رفتار کی حد میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ یمنا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (یڈا) نے یہ ضابطے 15 دسمبر سے 15 فروری تک نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مدت کے دوران ہلکی گاڑیوں کے لیے رفتار کی حد 80 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ بھاری گاڑیوں کے لیے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ حد سے تجاوز کرنے پر ہلکی گاڑیوں پر 2 ہزار روپے اور بھاری گاڑیوں پر 4 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
یمنا اتھاریٹی کے افسروں نے بتایا کہ یہ قدم کہرے اور کم دکھائی دینے کی وجہ سے پھسلن بڑھنے کے خدشے کو ذہن میں رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے۔ اس سے سڑک حادثات کو روکنے میں مدد ملے گی اور سردیوں کے دوران مسافر محفوظ سفر کر سکیں گے۔ اتھاریٹی کے سی ای او نے کہا کہ اس قدم سے سردیوں کے موسم میں سڑک حادثات کو کافی حد تک روکا جا سکے گا۔
اس تبدیلی کے ساتھ ساتھ یمنا ایکسپریس وے پر تحفظ بڑھانے کے کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ پیٹرولنگ گاڑی کی تعداد کو 11 سے بڑھا کر 15 کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہنگامی خدمات کے لیے 6 ایمبولنس، 6 کرین اور 6 دمکل گاڑیاں تعینات کی جائیں گی۔ گاڑیوں پر ری فلیکٹر ٹیپ چسپاں کرنے کے لیے ایک خاص مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ گاڑیوں کی وزیبلیٹی میں بہتری ہو سکے اور حادثوں کا خدشہ کم ہو سکے۔
سردیوں میں سڑک تحفظ کو دیکھتے ہوئے اوور لوڈ گاڑیوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ یمنا ایکسپریس وے کے زیرو پوائنٹ سے لے کر زیور ٹول تک چار-چار ٹیمیں تعینات کی جائیں گی جو اوور لوڈ گاڑیوں پر نظر رکھیں گی۔
یہ ضابطہ 15 دسمبر سے موثر ہوگا اور 15 فروری تک نافذ رہے گا۔ افسروں نے کہا کہ اس مدت کے دوران اگر کوئی شخص رفتار کی حد کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے جرمانہ ادا کرنا ہوگا اور سنگین معاملوں میں کارروائی بھی کی جائے گی۔